قازقستان اور عمان سے ڈی پورٹ 3 مسافروں کے خلاف مقدمات درج

 

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کی کارروائی، ملزمان ورک ویزوں پر بیرون ملک گئے، غیر قانونی داخلے کی کوشش پر ڈی پورٹ ہوئے

اسلام آباد (رپورٹ:اظہار خان نیازی) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے قازقستان اور عمان سے ڈی پورٹ ہونے والے 3 مسافروں کے خلاف مقدمات درج کرلیے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان تحسین اللہ اور محمد رمضان ورک ویزوں پر کرغزستان گئے تھے، تاہم بعد ازاں غیر قانونی طور پر قازقستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر انہیں قازقستان سے ڈی پورٹ کردیا گیا۔ تیسرے ملزم محمد عدنان کو عمان سے ڈی پورٹ کیا گیا۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ تینوں ملزمان کے پاس پاکستان سے بیرون ملک روانگی کا درست ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے تمام ملزمان کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ 1974ء کی دفعات 3 اور 4 کے تحت مقدمات درج کرلیے ہیں۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق مقدمات کی مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران ملزمان کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجوانے میں ملوث سہولت کاروں اور ایجنٹوں کا سراغ لگایا جائے گا اور شواہد کی روشنی میں ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن اور غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔