موٹروے ایم-2 پر چکری کے قریب کارروائی، چوری شدہ گاڑی برآمد، ایک ملزم گرفتار

جھنگ سے چوری ہونے والی گاڑی ٹریس، ملزم اور گاڑی مزید کارروائی کے لیے تھانہ چکری پولیس کے حوالے

اسلام آباد (آصف ملک) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے موٹروے ایم-2 پر چکری کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جھنگ سے چوری ہونے والی گاڑی برآمد کر لی جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق تھانہ کوتوالی جھنگ سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ایک گاڑی چوری ہو گئی ہے، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے موٹروے پولیس نے گاڑی کی تلاش شروع کی۔

ترجمان کے مطابق جدید ٹریکنگ اور بروقت کارروائی کے نتیجے میں چوری شدہ گاڑی کو موٹروے ایم-2 پر چکری کے قریب ٹریس کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران گاڑی میں سوار ایک ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ برآمد شدہ گاڑی اور گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ چکری، راولپنڈی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات جاری رہیں گے۔