ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انیل سعید نے جشن آزاد

اٹک (نیوز رپورٹر)ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انیل سعید نے جشن آزادی پاکستان کے موقع پر ضلع اٹک میں منعقدہ مختلف تقریبات میں شرکت کی۔ انہوں نے مہریہ ٹاؤن اٹک میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان شرکت کرتے ہوئے پرچم کشائی کی اور کیک کاٹا۔ اس موقع پر اہل علاقہ، منتظمین اور دیگر شرکاء نے ملی جوش و جذبے کے ساتھ یوم آزادی کی خوشیاں منائیں اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمیونسپل سروسز انیل سعید نے ڈسٹرکٹ جیل اٹک کا بھی تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جشن آزادی کے موقع پر اسیران میں مٹھائی تقسیم کی۔ انہوں نے جیل کے ہسپتال، کچن، مختلف بیرکس اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے جیل میں صفائی ستھرائی، خوراک، طبی سہولیات اور دیگر انتظامات کے بارے میں بریفنگ بھی لی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمیونسپل سروسز نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اسیران کو قواعد و ضوابط کے مطابق تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور صفائی ستھرائی، صحت، خوراک اور دیگر انتظامات میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔جشن آزادی کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں اسیران کے درمیان کبڈی کا دلچسپ مقابلہ بھی منعقد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمیونسپل سروسز انیل سعید نے کبڈی میچ دیکھا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں اسیران کی ذہنی و جسمانی صحت کے لیے مفید ہونے کے ساتھ ساتھ ان میں مثبت سوچ اور صحت مند مسابقت کے جذبے کو فروغ دیتی ہیں۔بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انیل سعید نے انجمن تاجران کے عہدیداران اور تاجر برادری کے ہمراہ بھی جشن آزادی کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر تاجر برادری کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انیل سعید کو شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ انہوں نے تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام میں تاجر برادری کا کردار انتہائی اہم ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمیونسپل سروسز انیل سعید نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان بڑی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا، اس لیے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ وطن عزیز کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قومی یکجہتی، اتحاد اور باہمی بھائی چارے کو فروغ دیتے ہوئے پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔جشن آزادی کی مختلف تقریبات میں شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے جبکہ قومی پرچم لہرا کر وطن عزیز سے محبت اور عقیدت کا اظہار کیا گیا۔