جاتلی میں نجی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ، دو افراد زخمی، ایف آئی آر پر سوالات اٹھ گئے

زخمیوں میں ساؤنڈ سسٹم آپریٹر بھی شامل، ناقدین نے تفتیش اور ایف آئی آر کے اندراج کے طریقہ کار پر اعتراضات اٹھا دیے

راولپنڈی (صنوبر کیانی) تھانہ جاتلی کے علاقے میں ایک نجی تقریب کے دوران مبینہ ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق زخمیوں کو گردن اور چہرے پر گولیاں لگیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد درج ہونے والی ایف آئی آر پر بعض حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ تقریب میں ساؤنڈ سسٹم کے استعمال کے باوجود متعلقہ قانونی دفعات شامل نہیں کی گئیں جبکہ زخمی ہونے والے ساؤنڈ سسٹم آپریٹر کو ہی مقدمے کا مدعی بنا دیا گیا۔

اعتراض اٹھانے والوں کے مطابق اگر تقریب نجی نوعیت کی تھی تو اس میں شریک افراد کی شناخت اور تقریب کے منتظمین کی تفصیلات بھی تفتیش کا حصہ بننی چاہئیں تھیں۔ بعض حلقوں نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ متعلقہ بیٹ افسران اور فیلڈ عملے کی جانب سے تقریب کی پیشگی اطلاع یا نگرانی کیوں نہیں کی گئی۔

ذرائع کے مطابق واقعے میں نامزد ملزمان عبوری ضمانت حاصل کر چکے ہیں جبکہ مقامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مقدمے کے اندراج، تفتیشی عمل اور ذمہ داران کے تعین کے حوالے سے اعلیٰ پولیس حکام معاملے کا جائزہ لیں۔

پولیس کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ مؤقف سامنے آنے کے بعد مزید حقائق واضح ہونے کی توقع ہے۔