ملک بھر میں اے این ایف کا کریک ڈاؤن، 102 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد، 2 خواتین سمیت 12 ملزمان گرفتار

اسلام آباد (آصف ملک) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف 9 کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 2 خواتین سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک کروڑ 11 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 102.848 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر واقع کوریئر آفس میں آسٹریلیا بھجوائے جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران 10 جیکٹس میں جذب کی گئی 12.3 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ لاہور ایئرپورٹ پر قطر جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 509 گرام وزنی 70 آئس اور 111 گرام وزنی 13 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کیے گئے۔
ایک اور کارروائی میں جناح ایئرپورٹ پر قطر جانے والے مسافر کے سامان میں موجود آموں کے کریٹ میں چھپائی گئی ایک کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔ گوندلانوالہ روڈ گوجرانوالہ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم اور ایک گھر پر چھاپے کے دوران 60 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ ایک خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب ایک ویگن سے 4.250 کلوگرام آئس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ شاہین ٹاؤن راولپنڈی کے قریب ایک رکشے سے 14.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 6 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ فتح چوک حیدرآباد کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
دریں اثنا ضلع جہلم کے بس ٹرمینل کے قریب ایک خاتون کے قبضے سے 1.8 کلوگرام چرس اور 78 گرام آئس برآمد کر لی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ منشیات کے نیٹ ورک سے جڑے دیگر عناصر کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔