اے این ایف کا ملک بھر میں کریک ڈاؤن، تعلیمی اداروں کے اطراف سمیت 5 کارروائیوں میں 220 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد، 5 ملزمان گرفتار

راولپنڈی (آصف ملک) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 مختلف کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک کروڑ 66 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 220.720 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں کے گردونواح میں منشیات فروشی کے خلاف کارروائی کے دوران پشاور میں واقع ایک یونیورسٹی کے قریب موٹر سائیکل سوار دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 4.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ دوران تفتیش گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

دیگر کارروائیوں میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے ایک مسافر کے جوتوں میں مہارت سے چھپائی گئی 312 گرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایک اور کارروائی کے دوران چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں واقع ایک کورئیر آفس میں برطانیہ سے آنے والے پارسل سے 8 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔

اے این ایف نے راولپنڈی کے علاقے منڈی موڑ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 15.6 کلوگرام چرس برآمد کی۔

ادھر ضلع گوادر کے علاقے مکران کے قریب کارروائی کے دوران 200 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی، تاہم اس کارروائی میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔