اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 37.84 کلوگرام منشیات برآمد، 6 ملزمان گرفتار

راولپنڈی، لاہور اور کوئٹہ میں 5 کارروائیاں، بیرون ملک جانے اور آنے والے پارسلز سے آئس اور ایل ایس ڈی بھی پکڑی گئی

اسلام آباد (آصف ملک) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 5 مختلف آپریشنز میں 37.84 کلوگرام منشیات برآمد کر کے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ برآمد کی گئی منشیات کی مالیت ایک کروڑ 37 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق راولپنڈی کے ایک کوریئر آفس میں سعودی عرب بھیجے جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران جوتوں میں مہارت سے چھپائی گئی 340 گرام آئس برآمد کر لی گئی۔

ایک دوسری کارروائی میں راولپنڈی ہی کے کوریئر آفس میں نیدرلینڈز سے آنے والے پارسل سے 90 گرام آئس اور 10 ایل ایس ڈی پیپر برآمد کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کے قریب کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ہنی جار میں چھپائی گئی 24 اعشاریہ 1 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔

لاہور کی مرغزار کالونی کے قریب کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 8 اعشاریہ 4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

ادھر بالیلی، ضلع کوئٹہ کے قریب ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران 5 کلوگرام ہیروئن برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔