اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 8 ملزمان گرفتار

تعلیمی اداروں کے اطراف اور مختلف شہروں میں 6 کارروائیاں، 64 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 30.04 کلوگرام منشیات برآمد

راولپنڈی (آصف ملک) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ و فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں میں 64 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 30.04 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اٹک میں ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ ڈرائی پورٹ چوک سیالکوٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار مرد اور خاتون کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 1.050 کلوگرام ہیروئن اور 147 گرام وزنی 290 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔ گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

دیگر کارروائیوں میں شاہی باغ پشاور کے قریب ایک گاڑی سے 14.4 کلوگرام افیون برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ سہراب گوٹھ کراچی کے قریب ایک گاڑی سے 9.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ رنگ روڈ پشاور کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے ایک کلوگرام ہیروئن اور شاہ کمال کالونی لاہور کے قریب موٹر سائیکل سوار دو ملزمان سے 2.65 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

ترجمان کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔