






8 کارروائیوں میں خاتون سمیت 15 ملزمان گرفتار، ایک کروڑ 16 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 83.385 کلوگرام منشیات برآمد
اسلام آباد (آصف ملک) اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 15 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، کارروائیوں میں ایک کروڑ 16 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 83.385 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی، اے این ایف ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا، پشاور ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے پیٹ سے 435 گرام وزنی 73 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کرلئے گئے، راولپنڈی انٹرچینج کے قریب گاڑی کی تلاشی کے دوران 38.4 کلوگرام چرس اور 15.6 کلوگرام افیون برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، مندرہ ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 10.8 کلوگرام چرس برآمد کرکے خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 9.6 کلوگرام چرس برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، سرگودھا میں بس ٹرمینل کے قریب موٹرسائیکل سوار 3 ملزمان سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، فیصل آباد میں بس ٹرمینل کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے جوتوں میں چھپائی گئی 646 گرام چرس برآمد کرلی گئی، راوی روڈ لاہور کے قریب 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 2 ملزمان سے 400 گرام وزنی 680 ایکسٹیسی گولیاں، ایک کلو 500 گرام ہیروئن اور 2 عدد 9 ایم ایم پستول برآمد کرلئے گئے، اے این ایف ترجمان کے مطابق تمام کارروائیوں کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔





