خیابانِ سرسید میں انجم اقبال مغل پارک کی تزئین و آرائش کا کام مکمل، ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے خصوصی اقدامات

راولپنڈی(سٹی رپورٹر) ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں گرین بیلٹس، پارکس اور عوامی مقامات کو خوبصورت، سرسبز اور دیدہ زیب بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں خیابانِ سرسید میں واقع انجم اقبال مغل پارک کی تزئین و آرائش، بحالی اور خوبصورتی کے لیے جامع اقدامات کیے گئے ہیں،جس کا مقصد شہریوں کو بہتر، صاف ستھرا، سرسبز اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔
ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی نگرانی میں پارک کے مختلف حصوں میں صفائی ستھرائی، گھاس کی کٹائی، پودوں کی تراش خراش، نئی شجرکاری، موسمی پھولوں کی تنصیب اور گرین ایریاز کی بحالی سمیت متعدد کام سرانجام دئیے گئے ہیں پارک کے داخلی و خارجی راستوں، واکنگ ٹریکس، گرین بیلٹس اور دیگر نمایاں مقامات کی خوبصورتی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ پارک کو علاقے کے شہریوں کے لیے مزید پرکشش اور فعال بنایا جا سکے۔
ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی ہدایات پر پارک کی تزئین و آرائش کے کاموں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی ہے کہ شہر کے تمام پارکس اور گرین ایریاز میں صفائی، شجرکاری اور ہارٹیکلچر کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے عملی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
انجم اقبال مغل پارک میں موجود سبزہ زاروں کو بہتر حالت میں رکھنے کے لیے گھاس کی باقاعدہ کٹائی اور دیکھ بھال کی جا رہی ہے جبکہ مختلف مقامات پر نئے پودے اور موسمی پھول بھی لگائے جا رہے ہیں۔ پھولدار پودوں کے ذریعے پارک کے مختلف حصوں کو رنگا رنگ اور خوبصورت بنایا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف پارک کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کو قدرتی اور خوشگوار ماحول بھی میسر آئے گا۔
ہارٹیکلچر ایجنسی کے فیلڈ اسٹاف کی جانب سے پارک میں موجود درختوں اور پودوں کی باقاعدہ دیکھ بھال، غیر ضروری شاخوں کی تراش خراش اور گرین ایریاز کی صفائی کا عمل بھی جاری ہے۔ پارک کے اندر اور اطراف میں غیر ضروری جڑی بوٹیوں اور جھاڑیوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ گرین بیلٹس کو بھی بہتر شکل دی جا رہی ہے۔
پارک کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ شہریوں کی سہولت اور تفریحی ضروریات کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ واکنگ اور تفریحی مقامات کو بہتر بنانے، پارک کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور شہریوں کے لیے ایک صحت مند تفریحی مقام کی فراہمی کے لیے متعلقہ عملہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔

ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے حکام کے مطابق شہر کے پارکس صرف تفریحی مقامات ہی نہیں بلکہ ماحولیاتی بہتری، صاف ہوا اور صحت مند معاشرے کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی لیے راولپنڈی کے مختلف پارکس اور گرین ایریاز کی بحالی اور خوبصورتی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
انجم اقبال مغل پارک کی تزئین و آرائش کے منصوبے میں ماحول دوست ہارٹیکلچر کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
احمد حسن رانجھا نےکہا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی کے افسران اور فیلڈ اسٹاف کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ پارکس کی خوبصورتی کے ساتھ صفائی اور مینٹیننس کے معیار پر بھی کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ پارکس میں موجود سہولیات کی دیکھ بھال، سبزہ زاروں کی بحالی اور شجرکاری کے عمل کو مسلسل جاری رکھا جائے۔