کہوٹہ (راجہ عثمان علی) انڈس کالج کہوٹہ میں سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات اور سٹوڈنٹ آف دی ایئر 2026 نہایت شایانِ شان انداز میں منعقد ہوئی، جس میں نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو شیلڈز، اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر محمد عارف قریشی تھے، جبکہ علمی و ادبی شخصیت حبیب گوہر، پروفیسر ڈاکٹر ملک ضیاء اللہ، سر محمد ادریس، سی ای او انڈس کالج سر محمد آصف غوری، ڈائریکٹر و پرنسپل سر ملک عنایت اللہ بشیر، پرنسپل انڈس بوائز کیمپس سر حسن ظہیر راجہ، اساتذہ، والدین اور مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی نظامت وائس پرنسپل انڈس کالج گرلز کیمپس میڈم فوزیہ پروین نے کی، جبکہ تلاوتِ کلامِ پاک عبیر سجاد، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سرمد نثار اور ملی نغمہ عشاء رحمان نے پیش کیا۔تقریب کے دوران ادارے کی بارہ سالہ تعلیمی خدمات، غیر نصابی سرگرمیوں اور علاقے میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ پنجاب یونیورسٹی کے حالیہ نتائج میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے بی ایس میتھس اور بی ایس کمپیوٹر سائنس کے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ بی ایس میتھس میں تحصیل کہوٹہ کی مشترکہ پہلی پوزیشن اقرا تنویر (3.64 GPA) اور عطیہ نورین (3.64 GPA) نے حاصل کی، جبکہ بی ایس کمپیوٹر سائنس میں جویریہ اشرف نے 3.70 GPA کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرکے کالج کا نام روشن کیا۔تقریب کے دوسرے مرحلے میں "سٹوڈنٹ آف دی ایئر 2026” کے نتائج کا اعلان کیا گیا۔ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بلڑیا کی طالبہ طیبہ ناز نے 91 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی اور 30 ہزار روپے نقد انعام، شیلڈ اور سرٹیفکیٹ حاصل کیا۔ ثوبیہ سکول کہوٹہ کی تحریم فاطمہ نے 88 نمبر کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے 20 ہزار روپے نقد انعام حاصل کیا، جبکہ عظیم سکول بیہند کے علی حسن نے 87 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرکے 10 ہزار روپے نقد انعام اپنے نام کیا۔ دیگر نمایاں طلبہ کو بھی اعزازی اسناد سے نوازا گیا۔سی ای او انڈس کالج سر محمد آصف غوری نے اپنے خطاب میں ادارے کی تعلیمی کامیابیوں، جدید تدریسی نظام اور طلبہ کی کردار سازی پر روشنی ڈالی۔ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر محمد عارف قریشی نے انڈس کالج کی مسلسل تعلیمی ترقی، بہترین انتظامی نظام اور معیاری تعلیم کے فروغ میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ تحصیل کہوٹہ میں علمی انقلاب کی علامت بن چکا ہے۔ انہوں نے کامیاب طلبہ، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ علم، کردار اور محنت کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر و پرنسپل سر ملک عنایت اللہ بشیر نے تمام مہمانوں، والدین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ انڈس کالج کہوٹہ آئندہ بھی معیاری تعلیم اور مثبت علمی سرگرمیوں کے ذریعے علاقے کے نوجوانوں کی بہترین رہنمائی کا سلسلہ جاری رکھے گا۔





