مری (نمائندہ خصوصی)یونین کونسل روات کے موضع اوچھاہ، ڈھوک ٹنڈوئ میں نامعلوم چور رات کی تاریکی میں بجلی کا ٹرانسفارمر کھول کر اس کے اندر موجود قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہوگئے، جس کے باعث پورا علاقہ رات سے بجلی سے محروم ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق چور انتہائی مہارت سے ٹرانسفارمر کھول کر اس کا اندرونی سامان نکالنے اور دوبارہ سیل کرنے میں کامیاب رہے، جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ واردات میں کسی تربیت یافتہ یا محکمہ بجلی سے واقف شخص کے ملوث ہونے کا امکان ہو سکتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے حکام کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔ گزشتہ سردیوں میں بھی موضع اوچھاہ سے ایک ٹرانسفارمر چوری ہو چکا ہے، جبکہ چند روز قبل کائیاہ میں بھی ٹرانسفارمر چوری کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔اہلیانِ علاقہ نے واپڈا حکام اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ علاقے میں جلد از جلد نیا ٹرانسفارمر نصب کرکے بجلی بحال کی جائے تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔





