ایف آئی اے نے عمرہ کے لیے جانے والے مسافر کو آف لوڈ کرکے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کر دیا
اسلام آباد(رپورٹ:اظہار خان نیازی) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے جعلی امیگریشن اسٹیمپ کے ذریعے بیرونِ ملک سفر کی کوشش ناکام بناتے ہوئے عمرہ کی غرض سے جانے والے ایک مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق معمول کی امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشتبہ مسافر کو سیکنڈری پروفائلنگ کے لیے ریفر کیا گیا۔ دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران اس کے پاسپورٹ پر ہسپانوی امیگریشن کا جعلی اسٹیمپ پایا گیا۔
مزید تصدیق پر معلوم ہوا کہ امیگریشن ریکارڈ کے مطابق مذکورہ مسافر کے یورپ سفر کا کوئی سابقہ ریکارڈ موجود نہیں تھا، جس سے پاسپورٹ پر لگے امیگریشن اسٹیمپ کے جعلی ہونے کی تصدیق ہوئی۔
ایف آئی اے نے مسافر کو فوری طور پر آف لوڈ کرکے حراست میں لے لیا، جبکہ مزید قانونی کارروائی کے لیے اسے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا، جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔





