قائداعظم کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، سفیر ثقلین سیدہ
برلن (نمائندہ خصوصی) جرمنی کے دارالحکومت برلن میں پاکستان ہاؤس میں سفارتخانہ پاکستان کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی پاکستان کی پروقار تقریب قومی جوش و جذبے اور حب الوطنی کے شاندار مظاہرے کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی تارکینِ وطن، جرمن حکام، سفارت کاروں اور پاکستان کے دوستوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد جرمنی میں پاکستان کی سفیر محترمہ ثقلین سیدہ نے پاکستان کے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر جرمنی کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔ تقریب کے دوران صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور نائب وزیراعظم پاکستان کے یومِ آزادی کے پیغامات بھی حاضرین کو پڑھ کر سنائے گئے۔اپنے خطاب میں سفیر ثقلین سیدہ نے تقریب میں شریک پاکستانی کمیونٹی، جرمن معززین اور پاکستان کے دوستوں کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے یومِ آزادی کی اہمیت اور تقدس پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک مقدس امانت ہے جو قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی قیادت میں ہمارے آباؤ اجداد کے نظریے، جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔سفیر پاکستان نے کہا کہ آزادی کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیاں دیں، اس لیے نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور ملک کی نظریاتی و قومی بنیادوں کو مضبوط بنائے۔انہوں نے پاکستان کی حالیہ کامیابیوں اور مستقبل کے امکانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ سبز توانائی، موسمیاتی انصاف، آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی پاکستان کی صلاحیت نمایاں طور پر بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے بالخصوص نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کر سکتا ہے۔سفیر ثقلین سیدہ نے کہا کہ رواں برس یومِ آزادی کی تقریبات کو خصوصی تاریخی اہمیت حاصل ہے کیونکہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی یاد بھی منا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے سنہری اصول اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کو اپنی قومی زندگی کا حصہ بنا کر پاکستان کو مزید ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔تقریب کا ایک اہم اور خصوصی حصہ ڈاکٹر سینٹا ماریا اینا سلر کو انسانی خدمات، دیہی خواتین کو بااختیار بنانے اور پاکستان میں کمیونٹی کی ترقی کے لیے ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازنا تھا۔ اس موقع پر ان کی پاکستان کے لیے خدمات کو سراہا گیا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب کے اختتامی مرحلے میں جشنِ آزادی کا کیک کاٹا گیا، جبکہ پاکستانی فنکار نے لائیو میوزیکل پرفارمنس پیش کی۔ شرکاء نے پاکستانی موسیقی سے خوب لطف اٹھایا، جبکہ تقریب کے اختتام پر روایتی پاکستانی ریفریشمنٹ بھی پیش کی گئی۔پاکستان ہاؤس برلن میں منعقدہ جشنِ آزادی کی اس تقریب نے نہ صرف پاکستانی کمیونٹی کے قومی جذبے کو اجاگر کیا بلکہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوستانہ تعلقات، عوامی روابط اور باہمی احترام کو بھی نمایاں کیا۔ تقریب میں شریک پاکستانیوں، جرمن حکام، سفارت کاروں اور پاکستان کے خیر خواہوں نے پاکستان کی آزادی کی خوشیوں میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔





