روات کے ہرکہ قبرستان سے گولیوں سے چھلنی نوجوان کی لاش برآمد،قتل کی واردات پر پولیس کی تحقیقات شروع
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)تھانہ روات کے علاقے ہرکہ قبرستان سے ایک نامعلوم نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی ہے۔ اطلاع ملنے پر روات پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کیا،جس کے باعث اس کے جسم پر گولیوں کے متعدد نشانات پائے گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ فرانزک ٹیم نے بھی موقع کا معائنہ کیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت اور قتل کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے کا مقدمہ درج کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد اور تفتیش کی روشنی میں جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔





