کاروان امن ٹیکسلا پہنچ گیا، محرم الحرام میں مثالی امن کے عزم کا اعادہ

راولپنڈی (شاہ رخ خان/تحصیل رپورٹر) سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء و اکابرین پر مشتمل کاروان امن ٹیکسلا پہنچ گیا۔

کاروان امن میں ایس ڈی پی او ٹیکسلا، سرکل کے ایس ایچ اوز سمیت دیگر پولیس افسران کے علاوہ معروف علماء کرام حافظ محمد اقبال رضوی، خالد محمود عباسی، عبدالمجید قادری، قاسم علی نقوی، صاحبزادہ عثمان غنی، علامہ اصغر بابر، قاضی جنید رشید، عون عباس کاظمی، عتیق الرحمان شاہ اور مولانا شعیب صدیق سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔

جامع مسجد مدنی، لائق علی چوک میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ کاروان امن کا مقصد بھائی چارے، محبت اور رواداری کا پیغام عام کرنا ہے جو ہر سال کی طرح اس سال بھی مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔

علماء کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے اس سال مزید جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ کردار ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر معاشرے میں مثالی امن قائم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔

ایس ڈی پی او ٹیکسلا نے اس موقع پر کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کا اکٹھا ہونا خوش آئند ہے اور ان کے تعاون سے محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا جبکہ فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

آخر میں ملک و قوم کی سلامتی، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔