ٹیکسلا میں 13 محرم الحرام کا مرکزی جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر

راولپنڈی پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات، 1200 سے زائد افسران و اہلکار تعینات، اعلیٰ افسران کی فیلڈ میں نگرانی

راولپنڈی(شاہ رخ خان/تحصیل رپورٹر) ٹیکسلا میں 13 محرم الحرام کا مرکزی جلوس روایتی راستوں سے گزرنے کے بعد امام بارگاہ کربلا فتح حیدر شاہ پر پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس کے موقع پر راولپنڈی پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کیے گئے، جبکہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن، چیف ٹریفک آفیسر، ایس پی پوٹھوہار اور دیگر سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی اور سپرویژن کرتے رہے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق جلوس کی سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 1200 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ جلوس میں داخل ہونے والے تمام عزاداروں کو مکمل باڈی سرچنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی گئی، جبکہ جلوس کے روٹ سے ملحقہ گلیوں، سڑکوں اور دیگر راستوں کو حفاظتی اقدامات کے تحت سیل رکھا گیا۔

ترجمان کے مطابق جلوس اور مجالس کی ضلعی کنٹرول روم سمیت دیگر کنٹرول رومز سے لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جاتی رہی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ راولپنڈی پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اور مؤثر سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا۔