قومی یوم اقلیت کے موقع پر آر ڈی اے میں تقریب، اقلیتی برادری سے اظہارِ یکجہتی

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی کی ہدایات پر اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن آر ڈی اے نوشین اسرار کی زیرِ ہدایت آر ڈی اے میں قومی یومِ اقلیت کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب آر ڈی اے کانفرنس روم میں منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز حافظ محمد عرفان نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے قومی یوم اقلیت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریاں ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے مذہبی ہم آہنگی، رواداری، باہمی احترام، مساوی حقوق اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ پر زور دیا۔ تقریب کے دوران شرکاء نے اقلیتی برادریوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے قومی اتحاد، بین المذاہب ہم آہنگی، برداشت، رواداری اور مساوی حقوق کے اصولوں کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کے بعد آر ڈی اے دفتر سے مری روڈ راولپنڈی تک یکجہتی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔ واک کے ذریعے اقلیتی برادری سے اظہارِ یکجہتی اور اتحاد، امن، رواداری اور باہمی احترام کا پیغام عام کیا گیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایک جامع، پُرامن اور ہم آہنگ معاشرے کے فروغ اور تمام شہریوں کے بنیادی حقوق، مساوات اور وقار کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔۔۔۔۔۔