عمرہ و زیارتِ روضۂ رسول ﷺ کے بعد چوہدری محمد یاسین وطن روانہ، انتخابی مہم کا آغاز کریں گے

عمرہ و زیارتِ روضۂ رسول ﷺ کے بعد چوہدری محمد یاسین وطن روانہ، انتخابی مہم کا آغاز کریں گے
"ان شاء اللہ آزاد کشمیر میں حکومت پاکستان پیپلز پارٹی ہی بنائے گی” — چوہدری محمد یاسین
جدہ/مکہ مکرمہ (خالد نواز چیمہ) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین نے آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات کی انتخابی مہم کے آغاز سے قبل دو روزہ روحانی دورے کے دوران مکہ مکرمہ میں عمرہ کی سعادت حاصل کی اور مدینہ منورہ میں روضۂ رسول اکرم ﷺ پر حاضری دے کر پاکستان، آزاد کشمیر، امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ صاحبزادہ سعید الرشید عباسی، چیف آرگنائزر مشائخ و علماء کونسل پاکستان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری محمد یاسین ایک تجربہ کار اور عوامی رہنما ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے اور چوہدری محمد یاسین کی قیادت میں جماعت نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔
عمرہ اور زیارتِ مدینہ منورہ کے بعد چوہدری محمد یاسین پاکستان روانہ ہوگئے، جہاں وہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں اپنی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔
روانگی سے قبل اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کے صدر خالد نواز چیمہ سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور ترقی کے واضح منشور کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا، "ان شاء اللہ آزاد کشمیر میں حکومت پاکستان پیپلز پارٹی ہی بنائے گی۔ عوام کی خدمت، نوجوانوں کو روزگار، بہتر تعلیم، معیاری صحت کی سہولیات اور خطے کی ترقی ہماری اولین ترجیحات ہیں۔”
انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ بھرپور عوامی رابطہ مہم چلائیں اور پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے اعتماد سے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں مضبوط اور عوام دوست حکومت قائم کرے گی۔