راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت آر ڈی اے کانفرنس روم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں راولپنڈی ڈویژن میں واقع سرکاری املاک سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر اٹک، ڈپٹی کمشنر چکوال اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے اپنے اپنے اضلاع میں سرکاری املاک کی موجودہ صورتحال، درپیش مسائل اور اب تک ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر راولپنڈی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری املاک کی تصدیق، دستاویزی کارروائی اور تمام زیر التواء معاملات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام تفویض کردہ ذمہ داریاں مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ باہمی رابطے اور مؤثر فالو اپ کو یقینی بناتے ہوئے مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے بھرپور اقدامات کرے۔ علاوہ ازیں، ایک علیحدہ اجلاس میں کمشنر راولپنڈی نے مجوزہ رنگ روڈ راولپنڈی منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر انجینئرنگ آر ڈی اے، کومل چوہدری نے نیسپاک کی جانب سے تیار کردہ فزیبلٹی اسٹڈی پیش کی اور منصوبے کی پیش رفت، ابتدائی نتائج اور مختلف تکنیکی پہلوؤں سے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا۔کمشنر راولپنڈی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبے کے منصوبہ بندی، تکنیکی، مالی اور انتظامی امور کا جامع جائزہ لے کر تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ رنگ روڈ راولپنڈی منصوبے پر جلد از جلد عملی کام کا آغاز ممکن بنایا جا سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی مس زینیا ہمایوں، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے مسعود احمد بخاری، ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر اشفاق سلہری، چیف پلانر آر ڈی اے محمد طاہر میؤ، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نوشین اسرار اور دیگر افسران نے شرکت کی۔۔۔۔۔۔۔۔۔





