

سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے نمایاں کارکردگی پر پولیس افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نواز دیا
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) حسن مشتاق سکھیرا نے جرائم کی روک تھام، امن و امان کے قیام اور پیشہ ورانہ فرائض کی بہترین ادائیگی پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات سے نوازا۔اعزازی تقریب کے دوران سی پی او نے ایس ایچ او نیوٹاؤن انسپکٹر عاطف ستار، ایس ایچ او صادق آباد سب انسپکٹر سجاد احمد، سب انسپکٹر عمر، سب انسپکٹر زاہد، کانسٹیبل حسنین، سیف سٹی راولپنڈی کے انسپکٹر مطیع اللہ، احتشام شاہ، ذیشان عارف اور محمد وسیم کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات پیش کیے۔
اس موقع پر سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ فرض شناسی، دیانت داری اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور اہلکار محکمہ پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی سے دیگر اہلکاروں کو بھی مزید محنت اور لگن سے فرائض انجام دینے کی ترغیب ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے شب و روز متحرک ہے۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور قانون کی مؤثر عملداری کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔





