سی پی او راولپنڈی کا ناقص کارکردگی پر ایکشن، ایس ایچ او نصیر آباد معطل، کلوز لائن کر دیا گیا

سی پی او راولپنڈی کا ناقص کارکردگی پر ایکشن، ایس ایچ او نصیر آباد معطل، کلوز لائن کر دیا گیا
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے محکمانہ نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے تھانہ نصیر آباد کے ایس ایچ او محمد جاوید کو معطل (کلوز لائن) کر دیا۔ ذرائع کے مطابق یہ اقدام تھانہ ویسٹریج کے علاقے میں مبینہ کھلی کچہریوں اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام میں ناکامی اور ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سی پی او نے متعلقہ افسر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا اور واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام ایس ایچ اوز اور پولیس افسران اپنے اپنے علاقوں میں قانون کی مکمل عملداری، جرائم کی روک تھام اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے خبردار کیا کہ فرائض کی انجام دہی میں غفلت، لاپروائی یا غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ ناقص کارکردگی کے حامل افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ راولپنڈی پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے بلاامتیاز اقدامات جاری رکھے گی۔