سی پی او راولپنڈی کا ریجنل آفس سی سی ڈی کا دورہ، جرائم کے خلاف مشترکہ کارروائیوں پر زور

راولپنڈی (آصف ملک) سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے ریجنل آفس کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں ریجنل آفیسر سی سی ڈی حسن جہانگیر وٹو نے انہیں ادارے کی ورکنگ اور مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی پی او نے کہا کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور راولپنڈی پولیس کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون سے جرائم کی روک تھام میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی پولیس اور سی سی ڈی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ سی سی ڈی کی مؤثر کارکردگی کے باعث پنجاب بھر میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ادارے باہمی تعاون سے جرائم کی روک تھام اور جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کو یقینی بنائیں گے۔
دورے کے اختتام پر کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔