
نیو ٹول پلازہ ٹنل کوہاٹ پر معمول کی چیکنگ کے دوران حملہ، ایک اہلکار زخمی، نمازِ جنازہ کسٹم ہاؤس پشاور میں ادا، محدود وسائل کے باوجود اہلکاروں نے بہادری سے مقابلہ کیا
پشاور (نمائندہ خصوصی) کوہاٹ میں نیو ٹول پلازہ، ٹنل کوہاٹ کے مقام پر اینٹی اسمگلنگ موبائل اسکواڈ پر مبینہ دہشت گرد حملے میں پاکستان کسٹمز کا ایک اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ حکام کے مطابق 24 جولائی 2026ء کی رات تقریباً 12 بجے معمول کی چیکنگ کے دوران 10 سے 12 مسلح دہشت گردوں نے موبائل اسکواڈ پر حملہ کیا۔
حملے کے نتیجے میں کسٹمز کے سپاہی جواد خان دورانِ ڈیوٹی وطن کی خدمت کرتے ہوئے شہید ہو گئے، جبکہ سپاہی بصیر اللہ معمولی زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے، جبکہ اسکواڈ کے تیسرے رکن سپاہی ہمراز بھٹی محفوظ رہے۔
شہید سپاہی جواد خان کی نمازِ جنازہ آج صبح 9:30 بجے کسٹم ہاؤس پشاور میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس کے بعد ان کی میت تدفین کے لیے آبائی گاؤں روانہ کر دی گئی۔
حکام نے کہا کہ محدود وسائل اور انتہائی دشوار حالات کے باوجود اینٹی اسمگلنگ موبائل اسکواڈ کے اہلکاروں نے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے غیر معمولی بہادری، جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سرچ اور تفتیشی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔





