موضع خصالہ میں پولیس لائن 2 کے قیام کا فیصلہ، 300 کنال اراضی مختص کرنے کی درخواست

راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)اڈیالہ روڈ اور گردونواح کے مکینوں کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی نے موضع خصالہ میں جدید سہولیات سے آراستہ پولیس لائن نمبر 2 کے قیام کے لیے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے، جس میں منصوبے کے لیے 300 کنال اراضی مختص کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق نئی پولیس لائن کے قیام کا مقصد راولپنڈی پولیس کی انتظامی، تربیتی اور آپریشنل استعداد کار میں مزید اضافہ کرنا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر اور مؤثر پولیسنگ کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔مراسلے میں 300 کنال اراضی کے علاوہ مزید 20 کنال اضافی زمین کی بھی درخواست کی گئی ہے۔اس اضافی رقبے پر سمارٹ تھانہ صدر بیرونی، ایس ڈی پی او صدر سرکل کا دفتر، ایس ایچ او صدر بیرونی کی رہائش گاہ اور پانچ کلرکس کے سرکاری رہائشی کوارٹرز تعمیر کیے جائیں گے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مجوزہ منصوبہ مکمل ہونے سے نہ صرف پولیس فورس کو جدید انفراسٹرکچر میسر آئے گا بلکہ اڈیالہ روڈ اور ملحقہ علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ منصوبے کی منظوری اور اراضی کی فراہمی کے بعد تعمیراتی کام کے آغاز کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔علاقہ مکینوں نے پولیس لائن 2 کے قیام کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس منصوبے سے علاقے میں سکیورٹی،پولیس رسپانس اور عوامی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔