منشیات کو شکست، کھیل کو فروغ — یہی ہے مضبوط اور محفوظ پاکستان کا عزم

داؤدخیل(ضیاءنیازی سے)منشیات کو شکست، کھیل کو فروغ — یہی ہے مضبوط اور محفوظ پاکستان کا عزم”میانوالی پولیس کے زیرِ اہتمام جاری جشنِ آزادی کرکٹ میلہ 2026 کے سلسلے میں ٹورنامنٹ کا تیسرا دلچسپ اور سنسنی خیز میچ تھانہ پیر پہائی اور تھانہ پائی خیل کی ٹیموں کے درمیان موچھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔میچ کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر میانوالی وقار عظیم کھرل تھے۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، ان سے مصافحہ کیا اور بہترین کھیل پیش کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ڈی پی او میانوالی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے نوجوانوں کا کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات ایک ناسور ہے جو نوجوان نسل کے مستقبل کو تباہ کر سکتی ہے، جبکہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میانوالی پولیس نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
اس موقع پر ایک مقامی شہری نے ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کھرل کو اپنے ہاتھ سے تیار کردہ ان کی خوبصورت سکیچ (پورٹریٹ) بطورِ تحفہ پیش کیا، جسے ڈی پی او نے سراہتے ہوئے شہری کی فنی صلاحیتوں کی تعریف کی۔میچ میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل، جذبۂ مقابلہ اور اعلیٰ اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کیا، تاہم شاندار کارکردگی کی بدولت تھانہ پائی خیل کی ٹیم کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔جشنِ آزادی کرکٹ میلہ 2026 کا مقصد نوجوانوں میں حب الوطنی، اتحاد، نظم و ضبط، صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور "منشیات کو شکست، کھیل کو فروغ” کے قومی پیغام کو عام کرنا ہے تاکہ ایک پرامن، مضبوط اور محفوظ پاکستان کی تعمیر میں نوجوان اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔