ڈپٹی کمشنر شاہد عباس کاٹھیا کا اتور کے روزمتعلقہ افسران کے ہمراہ موچھ کے نواحی علاقہ محمد شریف والی کا دورہ

داؤدخیل(ضیاءنیازی سے )ڈپٹی کمشنر شاہد عباس کاٹھیا کا اتور کے روزمتعلقہ افسران کے ہمراہ موچھ کے نواحی علاقہ محمد شریف والی کا دورہ۔ دورے کے دوران انھوں نے دریائے سندھ کے حفاظتی بند، فلڈ ریلیف کیمپس کا معائنہ کیااور امدادی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد کھوکھر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ماجد بن احمد، اسسٹنٹ کمشنر میانوالی سلمان قیوم شیخ کے علاؤہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ہمراہ تھے۔ اے ڈی سی آر نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ میں بتایا کہ محمد شریف والی کے حفاظتی بند میں کسی قسم کا شگاف نہیں پڑا ہے تاہم پرانے بند سے ملحقہ فاصلے پر ایک نیا عارضی بند بھی تعمیر کیا جارہاہے تاکہ محمد شریف والی کی آبادی کو سیلاب سے محفوظ رکھا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر مقامی آبادی کے مکینوں سے بھی ملاقات کی، ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مقامی آبادی کو سیلاب سے بچانے کیلئے ہر ممکنہ کوششیں بروئے کار لارہی ہے۔ انھوں نے محمد شریف والی کے مکینوں سے اپیل کی وہ انتظامیہ سے تعاؤن کریں اور عارضی طور پر محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔ ڈی سی نے مزید کہا کہ کچے کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیموں کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ انھوں نے ریسکیوٹیموں اور دیگر متعلقہ محکمے کے افسرن وعملے کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر شاہد عباس کاٹھیا نے گورنمنٹ ایلمنٹری سکول خان محمد والہ، گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول موچھ اور گورنمنٹ ھائی سکول روکھڑی میں قائم ایمرجنسی فلڈ ریلیف کیمپس کا بھی معائنہ کیا اور وہاں پر فراہم کر دہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ انھوں نے فلڈ ریلیف کیمپس کے عملہ کو ہدایت کی ڈیوٹی روسٹر کے مطابق مکمل الرٹ رہیں۔