اسلام آباد(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق کا پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز ٹیسٹ سنٹر کا دورہ۔ خواتین امیدواروں کے فزیکل اور رننگ ٹیسٹ کے انتظامات، شفافیت اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ تمام مراحل میرٹ، مقررہ ضابطہ کار اور منظم انداز میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق نے اسلام آباد پولیس ریکروٹمنٹ 2026 کے سلسلے میں پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز ٹیسٹ سنٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خواتین امیدواروں کے جاری فزیکل اور رننگ ٹیسٹ، سکیورٹی انتظامات، امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مجموعی انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہیڈکوارٹرز پری گل ترین کی نگرانی میں لیڈی پولیس افسران خواتین امیدواروں کے فزیکل اور رننگ ٹیسٹ کے تمام مراحل مقررہ ضابطہ کار کے مطابق ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کروا رہی تھیں، جبکہ انتظامات اور نظم و ضبط کی بھی مسلسل نگرانی کی جا رہی تھی۔ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز نے ٹیسٹ سنٹر میں کیے گئے انتظامات، نظم و ضبط اور امیدواروں کی سہولت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بھرتی کے تمام مراحل مکمل شفافیت، میرٹ اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق خوش اسلوبی سے مکمل کیے جائیں۔انہوں نے خواتین امیدواروں کے لیے فراہم کی گئی سہولیات، جن میں سایہ دار ٹینٹس، پینے کے صاف پانی، طبی امداد، انتظار گاہوں اور دیگر بنیادی سہولیات شامل تھیں، کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ تمام امیدواروں کو بہترین ماحول اور مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق نے کہا کہ اسلام آباد پولیس میں صرف اہل، باصلاحیت، جسمانی طور پر فٹ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل امیدواروں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ بھرتی کے پورے عمل میں شفافیت، غیر جانبداری اور مقررہ قواعد و ضوابط پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔





