اسلام آباد(نیوز رپورٹر)
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ اور معیار کی بہتری کے لیے نجی تعلیمی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت سے ہی طلبہ روشن مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں، تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے اپنے دورۂ سکردو اور بلتستان کے دوران پیرا ماؤنٹ ایجوکیشن سسٹم سکردو کے پرنسپل و ماہر تعلیم عارف شہباز، اسوہ پبلک سکول اینڈ کالج سکردو،افتخار حسین امیر علی پٹیل کیمپس کے پرنسپل و صدر پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک سکردو اور بلتستان پبلک سکول اینڈ کالج سکردو کے پرنسپل و ممتاز ماہر تعلیم محمد میر کی دعوت پر مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے کہا کہ ان تعلیمی اداروں سے ہزاروں طلبہ مستفید ہو رہے ہیں، جو علاقے میں تعلیم کے فروغ کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے مقامی اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم کو عام کرنے کے لیے ان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان اداروں کی خوش قسمتی ہے کہ یہاں طلبہ کو تجربہ کار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ پرنسپل صاحبان اور اساتذہ کی رہنمائی حاصل ہے، جو تعلیمی معیار بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔اس موقع پر پرنسپل صاحبان،اساتذہ نے ڈاکٹر ابرار حسین ملک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تعلیم کے فروغ میں ان کا کردار روشن مثال کی مانند ہے، ڈاکٹر ابرار حسین ملک کی آمد پر طلباء نے ان کی پرتپاک استقبال کیا ،ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے طلباء کو پیار کیا ،اور کہا کہ آپ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں،اپنے اساتذہ کا احترام کریں اور ان سے سیکھیں۔اس موقع پر اسوہ پبلک سکول اینڈ کالج سکردو کے پرنسپل اور پین کے صدر افتخار حسین ملک ابرار حسین کو یادگاری شیلڈ پیش کررہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔





