فیض آباد انٹرچینج پر لنک روڈ کی توسیع و کارپٹنگ کا افتتاح، شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی

راجہ محمد حنیف نے منصوبے کا افتتاح کر دیا، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیح قرار

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) چیئرمین وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم پنجاب و رکن پنجاب اسمبلی راجہ محمد حنیف نے فیض آباد انٹرچینج پر لنک روڈ کی توسیع، کارپٹنگ اور جدید سائن بورڈز کی تنصیب کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر چیئرمین حاجی ارشد محمود، راجہ خلیل، راجہ سمیع، نمبردار زاہد فضل، عابد عباسی، صابر صدیقی، اکرم گوشی، خواجہ برکت، شیخ امتیاز، عامر الدین میر، چوہدری ندیم، شیخ اسد مہدی عباسی، راجہ دانش اور راجہ رمیز سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب میں مقامی چیئرمینز، وائس چیئرمینز، کونسلرز، پارٹی عہدیداران، کارکنان اور اہلِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے منصوبے کو عوامی سہولت، ٹریفک کی روانی اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
اس موقع پر راجہ محمد حنیف نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیض آباد انٹرچینج پر لنک روڈ کی توسیع اور کارپٹنگ سے ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی، شہریوں کو آمدورفت میں آسانی میسر آئے گی اور علاقے کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی فلاح کے منصوبے آئندہ بھی اسی رفتار سے جاری رہیں گے۔