زاہد بختاوری سے سابق کینٹ بورڈ ممبران کی ملاقات، ریزروینسی و واٹر چارجز سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال

زاہد بختاوری کی مسائل کے حل کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دینے اور سابق ممبران کی مشاورت سے کینٹ کے معاملات کو بہتر بنانے کی یقین دہانی

کینٹ سب کا ہے، مسائل کے حل کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، رشوت کے خاتمے اور عوام کے جائز کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں گے، زاہد بختاوری

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)
زاہد بختاوری وائس پریذیڈنٹ راولپنڈی کینٹ بورڈ سے سابق وائس پریذیڈنٹ ملک منیر احمد کی قیادت میں سابق کینٹ بورڈ ممبران رشید احمد خان، ملک امجد حسین، چوہدری عبدالشکور، ملک طاہر ایوب، ارشد محمود، حاجی طارق محمود اور ملک صغیر احمد نے اہم ملاقات کی۔ وفد نے ریزروینسی، واٹر چارجز اور دیگر مدات میں اضافے سمیت عوامی و کاروباری حلقوں کو درپیش مسائل اور تحفظات سے آگاہ کیا۔

اس پر زاہد بختاوری نے مسائل کے حل کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دینے اور سابق ممبران کی مشاورت سے کینٹ کے معاملات کو بہتر بنانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر متعلقہ فورمز پر اٹھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ’’کینٹ سب کا ہے، اس کی تعمیر و ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔‘‘ مسائل کا حل باہمی مشاورت، مذاکرات اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے نکالا جائے گا۔زاہد بختاوری نے کہا کہ رشوت اور بدعنوانی کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ عوام اپنے جائز کاموں کے لیے براہِ راست رابطہ کریں،جائز امور کی بروقت اور شفاف تکمیل یقینی بنائی جائے گی، جبکہ ناجائز کاموں کے لیے رشوت کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

اس موقع پر وفد کے اراکین نے زاہد بختاوری کی قیادت اور کردار پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی میں عوامی اور اجتماعی مسائل کے مؤثر حل کی امید ہے۔ انہوں نے کینٹ کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کے حل اور زاہد بختاوری کی مثبت کاوشوں میں بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔