پاکستان سویٹ ہوم کے زیر اہتمام فری تدفین سروس اور فری دسترخوان کا افتتاح

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک اور بانی پاکستان سویٹ ہوم زمرد خان نے میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے تعاون سے پاکستان سویٹ ہوم کے زیر اہتمام فری تدفین سروس اور فری دسترخوان کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مستحق اور نادار افراد کی خدمت معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور فری تدفین سروس و فری دسترخوان جیسے منصوبے دکھی انسانیت کی خدمت کی بہترین مثال ہیں۔

تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی ایمان ظفر، فرزانہ ظفر، سی ای او میونسپل کارپوریشن راولپنڈی عمران علی، صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عثمان شوکت سمیت سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے پاکستان سویٹ ہوم اور زمرد خان کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے معاشرے کے کمزور طبقات کی مشکلات میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

زمرد خان نے اس موقع پر کہا کہ فری تدفین سروس کے ذریعے مستحق خاندانوں کو بلا معاوضہ سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ فری دسترخوان کے تحت روزانہ ضرورت مند افراد کو کھانا مہیا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے فری تدفین سروس اور فری دسترخوان کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اس اقدام کو معاشرتی فلاح و بہبود کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔