*جامعہ کی 8 وکٹوں سے کامیابی*
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے اسپورٹس گراؤنڈ میں جمعرات کو ٹیم آئی آئی یو آئی اور ٹیم دنیا نیوز کے درمیان دوستانہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ کھیلا گیا، جس میں یونیورسٹی کی ٹیم نے 148 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر چار اوورز قبل ہی حاصل کر لیا۔ یہ میچ آفس آف پروٹوکول اینڈ پبلک ریلیشنز اور ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔
ٹیم دنیا نیوز کی قیادت معروف اینکر پرسن اور سینئر صحافی ثمر عباس نے کی، جبکہ ٹیم آئی آئی یو آئی کے کپتان ڈپٹی ڈائریکٹر پروٹوکول اینڈ پبلک ریلیشنز محمد نعمان تھے۔ امداد اللہ نے 42 گیندوں پر ناقابلِ شکست 101 رنز بنائے اور چار کھلاڑیوں کو آؤٹ بھی کیا، جس پر انہیں بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
میچ کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس پریذیڈنٹ (ایڈمنسٹریشن اینڈ فنانس) پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید تھے، جنہوں نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے علاوہ بہترین کھلاڑی کو ٹرافیاں پیش کیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں دونوں طرف کے مابین رابطے کا نہایت مثبت ذریعہ ہیں اور ان سے تعلیمی و صحافتی حلقوں کے درمیان فاصلے کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور یونیورسٹی کی انتظامی ٹیم بشمول انچارج اسپورٹس چوہدری خالد، شعبۂ باغبانی کے الطاف برکی اور ٹیم آئی آئی یو آئی کے کوچ محمد نصیر کی کاوشوں کا اعتراف کیا۔
سرگرمی کی چیف آرگنائزر اور انچارج پروٹوکول اینڈ پبلک ریلیشنز ڈاکٹر اسما منصور نے کہا کہ یہ میچ آئی آئی یو آئی اور ذرائع ابلاغ کے مابین مضبوط اور مثبت تعلقات کی نوید ہے، اور یونیورسٹی ٹیکنالوجی کی وجہ ڈے میدانوں سے دوری کے اس دور میں نوجوانوں کو دوبارہ کھیل کے میدانوں کی طرف لانے کے لیے کام کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے اس تعمیری سرگرمی میں شرکت پر دنیا نیوز کی انتظامیہ اور ثمر عباس کا شکریہ ادا کیا۔
ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز اور تقریب کے مجموعی نگران ڈاکٹر حافظ غفران نے دونوں ٹیموں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ محض آغاز ہے اور یونیورسٹی مستقبل میں دنیا نیوز سمیت دیگر میڈیا ٹیموں کی میزبانی زیادہ تواتر کے ساتھ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پیدا ہونے والا خوشگوار ماحول تعلیمی اداروں اور میڈیا انڈسٹری دونوں کے لیے یکساں مفید ہے۔
تقریب کا اختتام مصافحوں، گروپ فوٹو اور اگلے میچ کی کھلی دعوت پر ہوا۔





