ڈکیتی اور موٹرسائیکل چوری میں ملوث گینگ کا سرغنہ گرفتار، 5 موٹرسائیکل، 3 موبائل فون، نقدی اور اسلحہ برآمد

ڈکیتی اور موٹرسائیکل چوری میں ملوث گینگ کا سرغنہ گرفتار، 5 موٹرسائیکل، 3 موبائل فون، نقدی اور اسلحہ برآمد
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)نیوٹاؤن پولیس نے ڈکیتی، موٹرسائیکل چوری اور دیگر چوری کی وارداتوں میں ملوث ایک گینگ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے ملزم کے قبضے سے پانچ مسروقہ موٹرسائیکلیں،تین موبائل فون، نقدی اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں سمیت مزید وارداتوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ برآمد ہونے والا سامان قانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کیا جائے گا، جبکہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔اس موقع پر ایس پی راول سعد ارشد کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا راولپنڈی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے جرائم پیشہ عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے اور ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔