گوجرخان پولیس کی کارروائی، قتل، اقدام قتل اور ضرر کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری گرفتار

زمین کے تنازع پر فائرنگ کر کے باپ بیٹے کو قتل اور دو افراد کو زخمی کرنے والا ملزم مئی 2020 سے مفرور تھا، سات ساتھی پہلے ہی گرفتار ہو چکے، ایس پی صدر انعم شیر

راولپنڈی (صنوبر کیانی) تھانہ گوجرخان پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے قتل، اقدام قتل اور ضرر کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم مئی 2020 سے پولیس کو مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش تھا۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق اشتہاری نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ زمین کے تنازع پر فائرنگ کر کے باپ اور بیٹے کو قتل جبکہ دو دیگر شہریوں کو زخمی کر دیا تھا۔ واقعے کے بعد ملزم فرار ہو گیا تھا اور مسلسل پولیس کو مطلوب تھا۔

پولیس نے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے اشتہاری کو گرفتار کر لیا، جبکہ اس مقدمے میں ملوث اس کے سات ساتھیوں کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ایس پی صدر انعم شیر نے کہا کہ گرفتار اشتہاری کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا تاکہ اسے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث اشتہاریوں اور قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور انہیں ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔