بچوں کا تحفظ ریاستی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے بچوں کے تحفظ کو ہر حال میں مقدم رکھیں، کنوینر پارلیمانی کاکس برائے حقوقِ اطفال
اسلام آباد (اظہارخان نیازی) قومی اسمبلی کی رکن اور پارلیمانی کاکس برائے حقوقِ اطفال (پی سی سی آر) کی کنوینر ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے چکوال میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں 9 سالہ آسٹریلوی نژاد پاکستانی بچی ہانیہ احمد کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی بچے کی موت ایک ناقابلِ برداشت سانحہ ہے اور معصوم جان کے ضیاع کا ہر واقعہ انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو زندگی، تحفظ اور سلامتی کا بنیادی حق حاصل ہے اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ بچوں کو ہر قسم کے تشدد اور نقصان سے محفوظ رکھا جائے۔ ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے کہا کہ بچوں کے تحفظ اور سلامتی کو ہر حال میں ترجیح دی جانی چاہیے، بالخصوص قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے دوران بچوں کے حقوق اور تحفظ کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ سنجیدہ سوالات کو جنم دیتا ہے اور اس امر کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے کہ کارروائیوں کے دوران طے شدہ طریقہ کار پر سختی سے عمل، مؤثر نگرانی اور بچوں کے حوالے سے حساس حکمتِ عملی اختیار کی جائے۔ انہوں نے مرحومہ ہانیہ احمد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے زخمی والد اور بھائی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ واقعے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور جامع تحقیقات کرائی جائیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سانحات اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ بچوں کو ہر قسم کے نقصان سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر نظام اور حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔





