حضرت علامہ پیر سید حسین الدین شاہؒ علم و عمل کا روشن مینار تھے، علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ

راولپنڈی(سٹی رپورٹر)

سرپرستِ اعلیٰ ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ خیابانِ سرسید راولپنڈی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے شیخ الحدیث والتفسیر حضرت علامہ پیر سید حسین الدین شاہؒ کے وصال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسلاف کی آخری نشانی، علم و عمل کے پیکر اور دینی و روحانی اقدار کے عظیم امین تھے۔ ان کی وفات سے علمی، دینی اور روحانی حلقوں میں ناقابلِ تلافی خلا پیدا ہوگیا ہے۔

انہوں نے اپنے اہم بیان میں کہا کہ حضرت حسین الدین شاہؒ نے اپنی زندگی دینِ اسلام کی خدمت، تعلیم و تدریس، اصلاحِ معاشرہ اور نسلِ نو کی تربیت کے لیے وقف کیے رکھی۔ وہ ایک عظیم عالمِ دین، مربی، مصلح اور روحانی رہنما تھے، جن کی علمی و تربیتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔علامہ ریاض حسین شاہ نے کہا کہ حضرت حسین الدین شاہؒ کی علمی و روحانی میراث ان کے شاگردوں اور عقیدت مندوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، ان کی تعلیمات کو آگے بڑھانا ہی ان سے حقیقی محبت کا تقاضا ہے۔انہوں نے صاحبزادگان، خاندان، تلامذہ اور تمام سوگواران سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔