پاکستان انویسٹر فورم جدہ کا اہم اجلاس، یومِ آزادی شایانِ شان انداز میں منانے کا اعلان
پاکستانی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے گی، سعودی وژن 2030 سرمایہ کاری کے نئے مواقع لے کر آیا ہے
جدہ (خالد نواز چیمہ) پاکستان انویسٹر فورم جدہ کے چیئرمین چوہدری شفقت محمود نے اعلان کیا ہے کہ اس سال پاکستان کا یومِ آزادی سعودی عرب میں بھرپور قومی جذبے، جوش و خروش اور شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں پاکستان کے قونصل خانے جدہ کے تعاون سے تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ، پرچم کشائی، ملی نغموں، بچوں کے پروگراموں اور دیگر قومی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیمیں اور قونصل خانے کی کرکٹ ٹیم بھی شرکت کرے گی۔
یہ اعلان پاکستان انویسٹر فورم جدہ کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی میزبانی فورم کے سیکریٹری جنرل عبدالخالق لک نے فورم کے اراکین کے اعزاز میں عشائیے کے ذریعے کی۔ تقریب میں سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ فورم کے سینئر عہدیداران، سرمایہ کاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین چوہدری شفقت محمود نے کہا:
"پاکستان انویسٹر فورم جدہ اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کا مضبوط پلیٹ فارم ہے۔ ہمارا مشن نئے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی، ان کی رہنمائی اور انہیں سعودی عرب میں کامیاب کاروبار کے لیے درکار معلومات اور سہولیات فراہم کرنا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں دو ہزار سے زائد پاکستانی سرمایہ کار مختلف شعبوں میں کامیابی سے کاروبار کر رہے ہیں اور اپنی خدمات کے ذریعے سعودی معیشت میں مثبت کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ بھی فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا:
"ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا وژن 2030 ایک تاریخی معاشی تبدیلی کا منصوبہ ہے، جس نے غیر ملکی سرمایہ کاروں، خصوصاً پاکستانی کاروباری برادری کے لیے ترقی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔”
فورم کے سیکریٹری جنرل عبدالخالق لک نے کہا:
"جو پاکستانی سعودی عرب میں کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں، فورم ان کی ہر مرحلے پر رہنمائی کرے گا۔ کاروباری لائسنس، سرمایہ کاری کے قوانین، رجسٹریشن اور متعلقہ اداروں سے رابطوں کے حوالے سے مکمل معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ نئے سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ اپنی کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کر سکیں۔”
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے امکانات دونوں ممالک کے مضبوط معاشی تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔ اگر سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سرمایہ کار پاکستان یا دیگر ممالک، خصوصاً سوڈان، میں کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں تو فورم ان کی بھرپور رہنمائی کرے گا۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ یومِ آزادی کی تقریبات کو یادگار بنانے کے لیے مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں نوجوان سرمایہ کار علی خورشید کو رابطہ کاری کی ذمہ داری سونپی گئی تاکہ پاکستان کے قونصل خانے، کمیونٹی تنظیموں اور فورم کے درمیان مؤثر رابطہ قائم رکھتے ہوئے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں۔
تقریب کے دوران شرکاء نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مثالی برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی سرمایہ کار دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی اور دوطرفہ تجارتی تعاون کے فروغ میں اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین نے پاکستان انویسٹر فورم جدہ کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی سرمایہ کار ملکی معیشت کا قیمتی سرمایہ ہیں، اور ایسے فورمز اوورسیز پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔





