اسلام گڑھ (جاوید اقبال بٹ/بیورو چیف)
تحصیل اسلام گڑھ کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی اسلام گڑھ احسن شعیب ایڈووکیٹ، وائس چیئرمین یونین کونسل پوٹھہ بینسی ابرار حسین لال اور سابق امیدوار برائے کونسلر عمر معروف نے اپنے ساتھیوں سمیت چنار پریس کلب تحصیل اسلام گڑھ میں منعقدہ تقریب کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ ایل اے-2 چکسواری، اسلام گڑھ اور وزیر خزانہ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری قاسم مجید کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے احسن شعیب ایڈووکیٹ نے کہا کہ عوامی خدمت، میرٹ اور ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے انہوں نے چوہدری قاسم مجید کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کی ترقی، نوجوانوں کے روشن مستقبل اور عوامی مسائل کے حل کے لیے چوہدری قاسم مجید کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
وائس چیئرمین ابرار حسین لال نے کہا کہ ان کا یہ فیصلہ ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ عوام کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں وہ اپنی تمام تر سیاسی اور عوامی قوت کے ساتھ چوہدری قاسم مجید کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
سابق امیدوار برائے کونسلر عمر معروف نے کہا کہ حلقے کے عوام ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، اس لیے انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لے کر پارٹی امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔
اس موقع پر چوہدری قاسم مجید نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے اور تمام ساتھیوں کو عزت اور احترام کے ساتھ ساتھ لے کر چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اعتماد سے کامیاب ہو کر حلقے کی ترقی کا سفر مزید تیزی سے جاری رکھا جائے گا۔
تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں، کارکنان، صحافیوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اعلانِ حمایت کو حلقہ اسلام گڑھ کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔





