میرے دروازے شہریوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، درخواستیں مقررہ مدت میں میرٹ پر نمٹائی جائیں، سید علی ناصر رضوی
اسلام آباد(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں اور پولیس افسران نے اپنے مسائل پیش کیے۔ آئی جی اسلام آباد نے شکایات اور درخواستیں سننے کے بعد متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ان کے فوری اور میرٹ پر حل کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس افسران کی فلاح و بہبود اور شہریوں کے مسائل کا میرٹ اور بروقت حل اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شہری کو پولیس سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلاجھجھک کھلی کچہری میں آ سکتا ہے کیونکہ ان کے دروازے ہمیشہ شہریوں کے لیے کھلے ہیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی درخواستوں کو مقررہ مدت کے اندر میرٹ پر نمٹا کر اس کی رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائے۔ سید علی ناصر رضوی نے تمام سب ڈویژنل پولیس افسران اور تھانہ جات کے سربراہان کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر میں مقررہ اوقات کی پابندی کریں، شہریوں سے بروقت ملاقات کریں اور ان کے مسائل فوری اور میرٹ پر حل کریں۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہریوں کے انعقاد سے عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں نمایاں مدد مل رہی ہے۔





