جاتلی پولیس کی کارروائی، شہری کے قتل میں ملوث چار ملزمان گرفتار

سابقہ دشمنی پر فائرنگ کر کے قتل کیا تھا، مطلوب ملزمان ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار

راولپنڈی (صنوبر کیانی) تھانہ جاتلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کر کے ایک شہری کو قتل کرنے میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے سابقہ دشمنی کی بنا پر شہری کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا اور وہ رواں سال اپریل سے پولیس کو مطلوب تھے۔

پولیس نے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا، جبکہ مقدمے میں ملوث دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

ایس پی صدر انعم شیر نے کہا کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔