جاتلی پولیس کی کارروائی، قتل، اقدام قتل اور ضرر کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری گرفتار

اشتہاری نے ذاتی رنجش پر فائرنگ کر کے ایک شہری کو قتل اور دوسرے کو زخمی کیا تھا، اگست 2023 سے مفرور تھا، تین ساتھی پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں

راولپنڈی (صنوبر کیانی) تھانہ جاتلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل، اقدام قتل اور ضرر کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق اشتہاری نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ذاتی رنجش کی بنا پر فائرنگ کر کے ایک شہری کو قتل جبکہ دوسرے کو زخمی کر دیا تھا۔ واردات کے بعد ملزم فرار ہو گیا تھا اور اگست 2023 سے پولیس کو مطلوب تھا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق جاتلی پولیس نے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے اشتہاری کو گرفتار کر لیا۔ مقدمے میں نامزد اس کے تین ساتھیوں کو قبل ازیں گرفتار کیا جا چکا ہے۔
ایس پی صدر انعم شیر نے کہا کہ اشتہاری کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت پیش کیا جائے گا تاکہ اسے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔