کرغیز سفارتخانے کے ناظم الامور کی صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے ملاقات

پاک کرغیز تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ، سرمایہ کاری اور مشترکہ کاروباری کونسل کے قیام پر تبادلہ خیال، دونوں جانب سے ضروری اقدامات تیز کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) کرغیز سفارتخانے کے ناظم الامور نے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے ایف پی سی سی آئی پریزیڈنٹ سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان براہ راست روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان اعلیٰ سطح رابطہ کاری میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے پاکستانی کاروباری برادری کا کرغیزستان کا دورہ دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے اہم ثابت ہوگا، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کے لیے مشترکہ کاروباری کونسل کے قیام پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی اور اس مقصد کے لیے دونوں جانب سے ضروری اقدامات تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا، عاطف اکرام شیخ نے کرغیزستان کی سربراہی میں شنگھائی تعاون تنظیم کی سرگرمیوں اور فعالیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ دنوں میں کرغیزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے حکومتی سربراہان کے اجلاس کا انعقاد اہم پیش رفت ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کا پلیٹ فارم پاکستان اور کرغیزستان سمیت رکن ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی روابط بڑھانے کا مؤثر ذریعہ ہے، کرغیز ناظم الامور نے کہا کہ پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان براہ راست روابط بڑھانے کی ضرورت ہے جبکہ پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ مشترکہ کاروباری کونسل کے قیام سے دونوں ممالک کے تاجروں اور صنعتکاروں کے روابط مزید مضبوط ہوں گے۔