پاسپورٹ نظام میں بڑی اصلاحات، اجراء مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈکوارٹرز میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پاسپورٹ نظام میں اہم اصلاحات کے حوالے سے متعدد فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں پاسپورٹ کے اجراء کو مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ای پاسپورٹ پر مکمل منتقلی سے پاسپورٹ کے ضمن میں فراڈ اور جعلسازی کا خاتمہ ہوگا اور نظام مزید شفاف اور محفوظ بنے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پریمیم سروسز حاصل کرنے والے شہریوں کو پاسپورٹ پر آنے والے اخراجات کے مطابق فیس ادا کرنا ہوگی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیرون ملک اور اندرون ملک پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری کے لیے ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر پاسپورٹ فراہم کرنے کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا۔

اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ یکم جولائی سے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ کیا جائے گا جبکہ آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کو پاک آئی ڈی کے پلیٹ فارم پر منتقل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو جدید اور آسان سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ بزنس پاسپورٹ سے متعلق پالیسی کو ایف بی آر کی مشاورت سے جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ کاروباری طبقے کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اجلاس میں ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن محمد علی رندھاوا نے وفاقی وزیر داخلہ کو پاسپورٹ نظام میں مجوزہ اصلاحات اور جاری اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔