اے ایس پی سید دانیال حسن کی نگرانی اور ایس ایچ او انسپکٹر طیب ظہیر بیگ کی قیادت میں کارروائیاں، متعدد وارداتوں کے ملزمان قانون کی گرفت میں
گوجرخان(صنوبر کیانی) گوجرخان پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران رابری، اسٹریٹ کرائم، اسنیچنگ اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث پانچ خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق اے ایس پی گوجرخان سید دانیال حسن کی نگرانی اور ایس ایچ او تھانہ گوجرخان انسپکٹر طیب ظہیر بیگ کی قیادت میں پولیس ٹیموں نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف مقدمات میں مطلوب ملزمان کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں دو روز قبل حیاتسر روڈ پر خاتون لیکچرار سے موبائل فون چھیننے کی واردات میں ملوث ملزمان بھی شامل ہیں۔ اسی طرح موہڑہ مندو، مندرہ کے رہائشی شوکت خان سے گن پوائنٹ پر نقدی، ڈرم اور موبائل فون چھیننے کے مقدمے میں مطلوب ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے چند ہفتے قبل وارڈ نمبر 7 کے رہائشی نوید احمد کے موٹر سائیکل چوری کیس میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر انکشافات اور ممکنہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
اے ایس پی سید دانیال حسن نے کامیاب کارروائیوں پر ایس ایچ او انسپکٹر طیب ظہیر بیگ اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
علاقہ مکینوں نے گوجرخان پولیس کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔





