گرجا روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر، شہری ایک ٹانگ سے محروم، غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)گرجا روڈ پر پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک شخص ٹریکٹر ٹرالی کے نیچے آ کر شدید زخمی ہو گیا، جس کے نتیجے میں وہ اپنی ایک ٹانگ سے محروم ہو گیا۔زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
حادثے کے بعد علاقے کے شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی ٹریکٹر ٹرالیوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر بغیر رجسٹریشن، فٹنس اور ضروری حفاظتی اقدامات کے چلنے والی ٹریکٹر ٹرالیاں شہریوں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔شہریوں نے حکومت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ٹریکٹر ٹرالیوں کی رجسٹریشن، ڈرائیوروں کے لائسنس اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ انہوں نے حادثے کے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی اور ٹریفک قوانین کی مؤثر نگرانی کا بھی مطالبہ کیا۔





