مندرہ پولیس کی بڑی کارروائی، چوری و نقب زنی میں ملوث چار رکنی گینگ گرفتار

مسروقہ رقم 2 لاکھ 60 ہزار 400 روپے، وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور رکشہ برآمد، ملزمان جڑواں شہروں میں متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ نکلے

راولپنڈی(صنوبر کیانی) تھانہ مندرہ پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے چوری، نقب زنی اور دیگر چوری کی وارداتوں میں ملوث چار رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے مسروقہ رقم 2 لاکھ 60 ہزار 400 روپے، وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور رکشہ برآمد کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان رکشے کے ذریعے مختلف علاقوں میں ریکی کر کے چوری اور نقب زنی کی وارداتیں کرتے تھے۔ گرفتار افراد جڑواں شہروں میں ڈکیتی، چوری، نقب زنی اور ناجائز اسلحہ کے متعدد مقدمات میں پہلے سے ریکارڈ یافتہ ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق مندرہ پولیس نے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیاب کارروائی کے دوران گینگ کو گرفتار کیا۔ مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔
ایس پی صدر انعم شیر نے پولیس ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان مکمل کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔