
مری (راجہ عثمان علی) مری پنڈی آر ایم کے روڈ کمپنی باغ کے مقام پر واقع پاکستان پیپلز پارٹی مری کے رہنما راجہ منصور اخلاق کے نجی ہوٹل میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں عمارت کی دو منزلیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ تاہم ریسکیو 1122 مری کی بروقت کارروائی کے باعث آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق آر ایم کے مری پنڈی روڈ پر واقع راجہ منصور اخلاق کے نجی ہوٹل کی دوسری منزل کے لکڑی کے ہال کی چھت میں صبح کے وقت شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے دیگر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے دو منزلیں بری طرح متاثر ہوئیں آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 مری کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فائر فائٹنگ آپریشن کا آغاز کر دیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمت عملی کے تحت آگ کو ہوٹل کے دیگر حصوں اور قریبی عمارتوں تک پھیلنے سے روک دیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق مسلسل فائر فائٹنگ آپریشن کے بعد آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا اور ہنگامی صورتحال کو ختم کر دیا گیا۔ بروقت کارروائی کی بدولت بڑے مالی اور ممکنہ جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے نقصانات کا تخمینہ لگانے اور آتشزدگی کی وجوہات کا مزید جائزہ لینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔





