مری تھانہ مری پولیس کی کارروائی، زیادتی کے مقدمے میں نامزد ایک ملزم گرفتار

مری(راجہ عثمان علی) مری میں تھانہ مری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے زیادتی کے ایک مقدمے میں نامزد ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مقدمہ نمبر 351/26 بجرم 376-II تعزیراتِ پاکستان تھانہ مری میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق نامزد ملزم محمد ریاض اور اس کے ایک ساتھی پر الزام ہے کہ انہوں نے ضلع بہاولپور سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو مری بلا کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ مری پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا۔ کارروائی کے دوران پولیس نے نامزد ملزم محمد ریاض کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری ایس ایچ او تھانہ مری محمد اویس اکرم کی نگرانی میں ٹی ایس آئی بلال زاکر اور ٹیم نے عمل میں لائی۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقات خصوصاً خواتین اور بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔