مری (راجہ عثمان علی)ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تھانہ مری میں درج مقدمہ نمبر 490/25 کی تفتیش کے دوران انچارج چوکی گھوڑا گلی محمد نفیس سرور اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والے گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کر لیا پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عطا محمد اور ولی محمد سکنہ پیر ودھائی، راولپنڈی کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے مالِ مسروقہ کی مد میں ایک لاکھ روپے نقد رقم بھی برآمد کر لی گئی۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان مساجد اور دیگر عوامی مقامات پر شہریوں کے کپڑوں پر رنگ نما مادہ پھینک کر صفائی کے بہانے انہیں الجھاتے اور موقع پا کر جیب تراشی اور نقدی چوری کی وارداتیں کرتے تھے۔مری پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس اور جدید تکنیکی ذرائع کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا، جبکہ گینگ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے کہا ہے کہ عوام کو لوٹنے اور ان کی محنت کی کمائی ہتھیانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





